خیبر پختونخوا جوڈیشل اکیڈمی پشاور ذہنی امراض میں مبتلا ملزمان کے کرئمینل ٹرائل کے موضوع پر پہلے آن لائن ٹریننگ پروگرام کا انعقاد

پریس ریلیز : خیبر پختونخوا جوڈیشل اکیڈمی پشاور
ذہنی امراض میں مبتلا ملزمان کے کرئمینل ٹرائل کے موضوع پر پہلے آن لائن ٹریننگ پروگرام کا انعقاد
26-03-2021
خیبر پختونخوا جوڈیشل اکیڈمی پشاور میں جوڈیشل  افسران کےلئے ذہنی امراض میں مبتلا ملزمان  کے کرئمینل ٹرائل اور فرنزک ہیلتھ  تشخیص  سے متعلق پہلے  آن لائن ٹریننگ پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں صوبے کے مختلف اضلاع میں تعینات  اکتیس سول ججز/ جوڈیشل مجسٹریٹس شریک ہوئے ۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل جوڈیشل اکیڈمی ضیاء الدین خٹک، سینئر ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن اکیڈمی اشفاق تاج ،ڈین فیکلٹی سید کمال حسین شاہ، ڈائریکٹر شعبہ اشاعت و تحقیق اکیڈمی غلام عباس بھی موجود تھے۔ ڈی جی اکیڈمی نے شرکاء کو تربیتی کورس میں خوش آمدید کہتے ہوئے ٹریننگ پروگرام کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ  مذکورہ موضوع پر اس آن لائن ٹریننگ کے انعقاد کا مقصد سپریم کور ٹ  کی ہدایات  کی روشنی میں ضلعی عدلیہ کے ججز صاحبان کو ذہنی امراض کا شکار ملزمان سے متعلق جرم کے وقت اور بعد از جرم ذہنی مریض کا دعوی کرنے والے ملزمان کے فوجداری مقدمات چلانے کے اصولوں سے متعلق آگاہی اور سپریم کورٹ کے دیئے گئے گائیڈ لائن سے متعلق ٹریننگ دینا  ہے۔
تربیت کار سینئر ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن جوڈیشل اکیڈمی/ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اشفاق تاج نے موضوع پر سیر حاصل لیکچر دیتے ہوئے شرکاء ٹریننگ کو بتایا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے حال ہی میں سول جائزہ  پٹیشن نمبر چار سو بیس دوہزار سولہ اور دیگر چار متعلقہ پٹیشن میں دس فروری دوہزار اکیس کو  تاریخی فیصلے دیئے جس میں ذہنی امراض کا شکار ملزمان کے کرئمینل ٹرائل سے متعلق  تین اہم سوالات کو حل کیا گیا کہ ٹرائل کورٹ کسی ملزم کی درخواست یا اپیل کو کیسے نمٹا ئے کہ  جس میں ملزم کی جانب سے یہ استدعا کی گئی ہو کہ جرم کے ارتکاب کے وقت وہ ذہنی بیماری میں مبتلا تھا؟ یا یہ دعوی کہ ملزم ذہنی بیماری کے باعث  کرئمینل کیس میں اپنا دفاع نہیں کرسکتا ؟ جبکہ کیا ذہنی بیماری میں مبتلا ملزم کو جرم ثابت ہونے پر پھانسی کی سزا دی جاسکتی ہے؟   سینئر ڈائَریکٹر ایڈمنسٹریشن جوڈیشل اکیڈمی نے شرکاء کو بتایا کہ مذکورہ موضوع پر منعقدہ اس آن لائن تربیتی ٹریننگ پروگرام کےا نعقاد کا مقصد  سپریم کورٹ آف پاکستان کی ان ہدایات پر عمل کرنا ہے جس میں سپریم کورٹ نے فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی اسلام آباد سمیت تمام صوبائی جوڈیشل اکیڈمیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ٹرائل کورٹ کے ججز صاحبان، پراسیکیوٹرز  ، وکلاء اور عدالتی عملےکےلئے دماغی بیماری بشمول فرانزک ذہنی صحت کی تشخیص سے متعلق تربیتی پروگرامز منعقد کرے تاکہ انہیں اس سے متعلق اگاہی حاصل ہو اور سپریم کور ٹ کے دیئے گئے گائیڈ لائنز پر اس قسم کے مقدمات کو نمٹایا جاسکے۔  انہوں نے بتایا کہ مذکورہ موضوع پر صوبے کے مختلف اضلاع میں تعینات جوڈیشل افسران کے لئے دوسرا تربیتی آن لائن کورس کا انعقاد یکم اپریل کو کیا جائے گا۔
دریں اثناء خیبر پختونخوا جوڈیشل اکیڈمی میں سول کیس منجمنٹ رولز کے موضوع پر باویں آن لائن کورس کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں صوبے کے مختلف اضلاع میں تعینات اڑتیس سینئر سول ججز اور سول ججز شریک ہوئےجبکہ تربیت کار شعبہ تحقیق و اشاعت جوڈیشل اکیڈمی /ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج غلام عباس نے شرکاء کو سیر حاصل لیکچر دیا اور موضوع سے متعلق شرکاء کے سوالوں کے جواب دیں۔

 

Contact us

Zircon - This is a contributing Drupal Theme
Design by WeebPal.