ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز صاحبان کی پوسٹ پروموشن ٹریننگ پروگرام کا انعقاد ، ڈائریکٹر جنرل جوڈیشل اکیڈمی پشاور کا خطاب اور شرکاءمیں اسناد تقسیم

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز صاحبان کی پوسٹ پروموشن ٹریننگ پروگرام کا انعقاد ، ڈائریکٹر جنرل جوڈیشل اکیڈمی پشاور کا خطاب اور شرکاءمیں اسناد تقسیم
13-02-2021
خیبر پختونخوا جوڈیشل اکیڈمی پشاور میں صوبے کے مختلف اضلاع میں تعینات ترقی پانے والے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کی پوسٹ پروموشن ٹریننگ پروگرام مکمل ہو گیا ہے جو ایک ہفتے تک جاری رہا ۔
اس ٹریننگ پروگرام میں حال ہی میں ترقی پانے والے بیس ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز صاحبان شریک ہوئے۔ ٹریننگ پروگرام کی اختتامی تقریب جوڈیشل اکیڈمی پشاور میں منعقد ہوئی جس میں ڈائریکٹرجنرل خیبر پختونخوا جوڈیشل اکیڈمی ضیاءالدین خٹک ، سینئر ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن اشفاق تاج ، ڈین فیکلٹی سید کمال حسین شاہ ، سٹیشن ڈائریکٹر اظہر علی ، سینئر ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ پبلیکشن غلام عباس اور ڈائریکٹر انسٹرکشنز احمد افتخار سمیت دیگر نے شرکت کی۔
اختتامی تقریب سے اپنے خطاب میں ڈائریکٹر جنرل جوڈیشل اکیڈمی ضیاءالدین خٹک نے تربیتی پروگرام مکمل کرنے پر شرکاءکو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ تربیت (قبل از ملازمت یا دوران ملازمت) دونوں جوڈیشل افسران کو موجودہ اور نئی ذمہ داریوں کے لئے تیار کرنے میں معاون ہوتی ہے۔ ڈی جی اکیڈمی کا کہنا تھا کہ ایک ہفتے پر محیط اس تربیتی کورس کے انعقاد کا مقصد جوڈیشل آفسران کے علم ،پیشہ وارانہ صلاحیتوں و کارکردگی کو بڑھانے اورمزید تقویت دینے کے ساتھ ساتھ عوام کی نظام عدل سے فوری اور سستے انصاف کے حصول کےلئے ان کے امیدوں پر پورا اتر نے کے علاوہ نظام عدل اوردورجدید کے تقاضوں سے متعلق اپ ٹو ڈیٹ کرنا تھا کیونکہ عدالتی افسران کو مسلسل تربیت فراہم کرکے ان کی صلاحیتوں ، علم ، رویہ اور معیار کو فروغ دینا ایک ضروری امر ہے۔ ڈی جی اکیڈمی کا کہنا تھا کہ آج ہمیں جس چیز کی زیادہ ضرورت ہے وہ ہمت ، فکری سالمیت اور اقدار کے احساس پر مبنی اخلاقی قیادت ہے۔اس پس منظر میں جج کو معاشرے کے لئے ایک رول ماڈل ہونا چاہیئے۔ اسے باکردار ، دل میں خوف خدا رکھنے والا ، رزق حلال کا متلاشی ، قانون کا پابند ، زبان کا سچا ، رائے دینے میں عقلمند، پرسکون و صابر ہونے کے علاوہ متوازن ، محتاط اور ان کے فیصلوں سے ان کے کردار کی عکاسی ہوتی ہوں۔ڈی جی اکیڈمی نے شرکاءکو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو اپنے فرائض کی انجام دہی میں بہتری حاصل کرنی ہوگی اور آپ کو عدالتی نظام پر لوگوں کے اعتماد کو مزید بحال کرنا ہوگا جو اس پوری مشق کا بنیادی مقصد ہے جوکہ مکمل عدم و انصاف سے کام لیتے ہوئے فوری اور سستے انصاف کی فراہمی اور انجام دہی سے ہی ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ آپ معاشرے میں قانون کی حکمرانی اور انصاف کی فراہمی پر عوامی اعتماد بڑھانے اور برقرار رکھنے کے قابل ہوں گے۔
تقریب کے اختتام پر ڈی جی جوڈیشل اکیڈمی نے ایک ہفتے پر محیط پوسٹ پروموشن ٹریننگ پروگرام مکمل کرنے والے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز میں اسناد بھی تقسیم کیں۔

 

Contact us

Zircon - This is a contributing Drupal Theme
Design by WeebPal.